ضلع مہمند میں 25 مئی سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے آگاہی سیشن اور افتتاحی تقریب کا انعقاد اسسٹنٹ کمشنر آفس، لوئر مہمند، یکہ غنڈ کے جرگہ ہال میں کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی ملک محبوب شیر تھے۔ ان کے ہمراہ تحصیلدار یکہ غنڈ فضل خالق، علاقہ مشران، کونسلرز، علما کرام، والدین، اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈی ایچ سی ایس او محمد یونس نے شرکاء کو بتایا کہ آنے والی پولیو مہم میں پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلانا ضروری ہے اور حفاظتی ٹیکے لگوانے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے بھرپور عوامی تعاون کی درخواست کی۔
ایم پی اے ملک محبوب شیر نے کہا:
“پولیو ویکسینیشن ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے پولیو ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون ضروری ہے۔”
نوجوان سیاسی و سماجی رہنما نوراسلام صافی نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ ہر پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے مطالبات کو ان صحت مہمات سے نہ جوڑیں۔
تمام شرکاء نے پولیو مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلانے کا پیغام ہر گھر تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔
آخر میں ایم پی اے ملک محبوب شیر، نوراسلام صافی، ملک گل اعظم اور ملک اعظم خان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر باضابطہ طور پر مہم کا افتتاح کیا۔
پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اجتماعی دعا کی گئی اور پولیو آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔