Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, July 9, 2025

سینیٹ اور مخصوص نشستوں پر انتخابات کےلئے پولنگ 21 جولائی کو ہوگی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ میں خیبر پختونخوا سے جنرل، خواتین اور ٹیکنوکریٹس/علماء کی نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پولنگ 21 جولائی 2025 کو خیبر پختونخوا اسمبلی کی عمارت میں ہوگی۔ یہ نشستیں اس وقت خالی ہوئی تھیں جب الیکشن کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو ان پر ہونے والے انتخابات اس بنیاد پر ملتوی کر دیے تھے کہ سپیکر اسمبلی نے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف نہیں لیا تھا، جس کے باعث الیکٹورل کالج نامکمل رہا۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی کردہ نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے بھی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس کے تحت پبلک نوٹس 9 جولائی کو جاری کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی 10 اور 11 جولائی کو جمع ہوں گے، جانچ پڑتال 16 جولائی کو ہوگی جبکہ پولنگ 31 جولائی کو منعقد کی جائے گی۔ اسی طرح مرحوم سینیٹر ساجد میر کی سینیٹ نشست پر انتخاب کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق نظرثانی شدہ امیدواروں کی فہرست 15 جولائی کو جاری ہوگی، کاغذات نامزدگی 16 جولائی تک واپس لیے جا سکیں گے، اور پولنگ 21 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا سے مسلم لیگ (ن) کی دو خالی خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر 8 جولائی کو پبلک نوٹس جاری کرے گا، کاغذات نامزدگی 9 اور 10 جولائی کو جمع ہوں گے، جانچ پڑتال 14 جولائی کو اور امیدواروں کی حتمی فہرست 24 جولائی کو جاری کی جائے گی۔ چونکہ مسلم لیگ ن کی پریارٹی لسٹ ختم ہو چکی ہے، اس لیے جماعت کو ہدایت کی گئی ہے کہ 10 جولائی تک نئی پریارٹی لسٹ جمع کروائے۔

الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کے نوٹیفکیشن 2 جولائی کو جاری کیے تھے۔ ان ارکان کی حلف برداری یقینی بنانے کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو باضابطہ خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ حلف لے سکیں اور آئندہ سینیٹ انتخابات میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

سینیٹ اور مخصوص نشستوں پر انتخابات کےلئے پولنگ 21 جولائی کو ہوگی

Shopping Basket