سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی دسویں برسی کے موقع پر وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر کے اسکولوں میں دعائیہ تقریبات کا انعقادکیا گیا۔ ان تقریبات میں طلبہ، اساتذہ، انتظامی افسران اور والدین نے بھرپور شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دعائیہ اجتماعات میں قرآن خوانی کی گئی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں میں تقاریر اور امن کے پیغام پر مبنی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔
وزیر تعلیم خیبر پختونخوا نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول ہماری قومی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش واقعہ ہے، جس نے پوری قوم کو دکھ اور غم میں مبتلا کر دیا تھا لیکن اس سانحے نے ہمیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کا حوصلہ بھی دیا۔ سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ ان تقریبات کا مقصد نئی نسل کو ان قربانیوں سے آگاہ کرنا اور انہیں دہشت گردی کے خلاف مضبوط ارادے کا پیغام دینا ہے۔ حکومت خیبر پختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔