Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, January 23, 2026

خیبرپختونخوا: بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان، فلیش فلڈ ایڈوائزری جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 21 سے 24 جنوری 2026 کے دوران خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے پیش نظر فلیش فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے بالائی حصوں کو متاثر کرے گا، جس کے نتیجے میں دریائے کابل اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ سوات، چترال، دیر، بونیر، شانگلہ اور دیگر اضلاع میں فلیش فلڈ کا خطرہ موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فلیش فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ نشیبی اور حساس علاقوں میں الرٹ رہیں اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق دریائے کابل کے کنارے آباد آبادی کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خطرے سے دوچار علاقوں میں آبادی کی بروقت منتقلی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں، جبکہ نشیبی علاقوں میں غیر ضروری ٹریفک پر پابندی عائد کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا: بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان، فلیش فلڈ ایڈوائزری جاری

Shopping Basket