پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 7 فروری 2026 کیلئے موسمی انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں پیر کی رات سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، اپر و لوئر کوہستان اور کولائی پالس میں شدید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
خیبر پختو نخوا کے میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ ہے، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادارے نے شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے، کسانوں اور مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے اقدامات کرنے اور حساس علاقوں میں ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔


