پی ڈی ایم اے کا الرٹ: خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج شام سے بارشوں اور آندھی کا امکان، انتظامیہ کو ہدایات جاری
پشاور – پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج شام سے گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ ہفتے کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، متاثر ہونے والے ممکنہ اضلاع میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو بارشوں کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں گے اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ سیاح موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔