پاڑہ چنار/کرم، جنوبی وزیرستان: کرم کے علاقے پاڑہ چنار میں اہلِ تشیع برادری کی جانب سے ایران کی حالیہ پیش رفت کے تناظر میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع کے دوران شرکاء نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔

مقررین نے اس موقع پر پاکستان کے مثبت اور دانشمندانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی متوازن سفارتکاری نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت سفارتی اقدامات کے باعث نہ صرف بحران کو محدود کیا گیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں بھی اضافہ ہوا۔
تقریب کے دوران قومی یکجہتی، پاک افواج کی قربانیوں اور پاکستان کی سفارتی کامیابی کو اجاگر کیا گیا، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مسلم دنیا کے اتحاد کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ تقریب پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی پاکستان کی سفارتی کامیابی کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں، جن میں قبائلی عمائدین، مشران، سول انتظامیہ، سماجی رہنما اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں قومی پرچم اور پلے کارڈز تھے جن پر پاک فوج اور ملکی قیادت کے حق میں نعرے درج تھے۔
شرکاء نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے حکومت پاکستان، بالخصوص وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں کی جانے والی سفارتی کوششیں قابل تحسین ہیں، جنہوں نے خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔


