قبائلی ضلع اورکزئی واقعی کوہاٹ ڈویژن کاایک خوبصورت اور پرامن ضلع ہے، جہاں ہر جگہ اور مقام کے قدرتی مناظر، ثقافت اور مہمان نوازی لاجواب ہے۔جون کی جھلسا دینے والی گرمی میں اورکزئی کا ٹھنڈا، خاموش اور سرسبز دامن کسی خواب کی تعبیر لگتا ہے۔ یہاں کے سرسبز و شاداب پہاڑ، خاموش فضائیں اور وہ ٹھنڈی ہوا جو روح کو چھو جائے، نہ شور، نہ آلودگی، بس فطرت کی آغوش میں سکون دل کو چھو لیتی ہے۔ چیئرمین ڈیڈاک و ایم پی اے سابق سنیٹر اورنگزیب خان اورکزئی اور موجودہ ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے علاقے میں مثالی امن قائم ہے جو سیاحت کے فروغ کیلئے بنیادی شرط ہے۔ ان کی قیادت میں اورکزئی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اعداد و شمارکے مطابق ضلع اورکزئی میں گزشتہ برس کے مقابلے میں امسال ٹوارزم بہت زیادہ آیا ہے۔ سمبوک ٹاپ کا 25 ہزار 9 سو 94، سمانہ ٹاپ کا 9 ہزار 5 سو 66 اور کلایہ کا 4 ہزار 8 سو سیاحوں نے رخ کیا جبکہ گودرو میں ہزاروں کی تعداد میں آئے ہوئے سیاح اس کے علاوہ ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔بلاشبہ اورکزئی نہ صرف سیاحت کیلئے محفوظ ضلع ہے بلکہ یہاں تعلیم اور ترقی پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ یہ سب اقدامات اس بات کی غمaز ہیں کہ اورکزئی اب دنیا کے سامنے ایک نیا اور روشن چہرہ لے کر آ رہا ہے۔ لہٰذا اس میں کوئی مبالغہ نہیں کہ ضلع اورکزئی قدرت، امن اور ثقافت کا سنگم ہے۔یہاں کے لوگ انتہائی مہمان نواز اور کشادہ دل ہی نہیں بلکہ تمام سیاحوں کا تہہ دل سے خیر مقدم بھی کرتے ہیں اور عزت بھی دیتے ہیں۔