ریسکیو1122 خیبرپختونخوا کی سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق ریسکیو1122 نے صوبہ بھر میں 2 لاکھ 71 ہزار سے زائد ایمرجنسی واقعات میں بروقت اور مؤثر خدمات انجام دیں۔
ترجمان ریسکیو1122 بلال احمد فیضی کے مطابق گزشتہ سال کے دوران ریسکیو1122 نے 2 لاکھ 89 ہزار سے زائد زخمیوں اور مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں 1 لاکھ 69 ہزار سے زائد میڈیکل ایمرجنسیز جبکہ 25 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات میں امدادی کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو1122 نے گزشتہ برس 5691 آتشزدگی کے واقعات، 780 ڈوبنے کے حادثات، 194 عمارتوں کے منہدم ہونے اور 93 مختلف نوعیت کے دھماکوں کے واقعات میں بھی ریسکیو خدمات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ ہیلتھ ایمبولینس سروس (ریفرل) کے ذریعے 58 ہزار 800 شدید زخمیوں اور مریضوں کو مختلف اضلاع اور بڑے ہسپتالوں میں بروقت منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مختلف ایمرجنسی واقعات کے دوران 6185 افراد جاں بحق ہوئے، تاہم ریسکیو1122 کی ٹیموں نے ہر ممکن امدادی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے۔
ترجمان ریسکیو1122 کا کہنا تھا کہ ادارہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ ضم شدہ اضلاع اور سابق فاٹا کے علاقوں میں بھی بلا امتیاز ایمرجنسی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیاحتی مقامات پر عارضی ریسکیو پوائنٹس اور ریسکیو اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں سیاحوں اور مقامی افراد کو فوری اور مؤثر امدادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو1122 خیبر پختونخوا عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور مستقبل میں بھی ایمرجنسی رسپانس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔


