Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, February 13, 2026

ضلع مہمند: اسکول بیگز کی تقسیم اور شجرکاری مہم کا انعقاد

ضلع مہمند: میاں منڈی میں الخیر ہائی سٹوڈنٹس اکیڈمی اینڈ انگلش لینگویج سنٹر کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مستحق اور نادار طلبہ میں 150 اسکول بیگز تقسیم کیے گئے، جبکہ شجرکاری مہم کا بھی باضابطہ آغاز کیا گیا۔ تقریب میں نجی و سرکاری اسکولوں کے طلبہ، اساتذہ اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تعلیمی شعور کے فروغ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آگاہی کو اجاگر کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ یہ پروگرام ضلع یوتھ آفیسر، اصغر مہمند ویلفیئر فاؤنڈیشن، عمر علی ویلفیئر فاؤنڈیشن، سحر ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔ تقریب میں کمانڈنٹ یوسف خیل، ایس پی انویسٹی گیشن زاہد عالم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر حارث خان، محکمہ جنگلات کے صدیق اللہ، چیئرمین طارق خان، امجد خان، اصغر مہمند، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے گل بشیر شیراز، ملک ریحان شاہ، ملک اعظم اور مولانا عبدالحق سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطابات میں الخیر ہائی سٹوڈنٹس اکیڈمی کی فلاحی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتے ہیں اور تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر امتیاز جاوید مہمند نے اعلان کیا کہ ضلع مہمند کے یتیم بچوں کو ادارے میں مفت داخلہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یتیم اور مستحق طلبہ کو مفت تعلیم کے ساتھ یونیفارم اور کتب بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ باوقار شہری بن سکیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی نے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور تعلیم و ماحولیات کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ عوامی حلقوں نے اس پروگرام کو ضلع مہمند کے لیے ایک مثبت اور امید افزا قدم قرار دیا۔

ضلع مہمند: اسکول بیگز کی تقسیم اور شجرکاری مہم کا انعقاد

Shopping Basket