پشاور: 61ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں پاک آرمی کے شاہ خان اور حائقہ حسن نے انفرادی ٹائٹلز اپنے نام کر لیے، جبکہ ٹیم ایونٹس میں واپڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ٹرافیاں جیت لیں۔
پشاور سپورٹس کمپلیکس کے پی ایس بی ہال میں منعقدہ فائنل مقابلوں میں مردوں کے انفرادی ایونٹ میں شاہ خان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے ہی ادارے کے عباس امجد کو 3-4 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ خواتین کے فائنل میں پاک آرمی کی حائقہ حسن نے واپڈا کی بسمہ فریال کو 2-4 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
خواتین ڈبل ایونٹ میں واپڈا کی پرنیہ زمان اور بسمہ فریال کی جوڑی نے پاک آرمی کی حائقہ حسن اور ایمن حسن کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ٹیم ایونٹس میں بھی واپڈا کی ٹیمیں چھائی رہیں۔ مردوں کے فائنل میں واپڈا کے طلحہ بلال، عاصم قریشی اور عبید شاہ پر مشتمل ٹیم نے پنجاب کی ٹیم کو 2-4 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ خواتین ٹیم ایونٹ میں بھی واپڈا کی بسمہ فریال، عائشہ شرجیل اور پرنیہ زمان نے پنجاب کی ٹیم کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز احمد اور نائب صدر و آرگنائزر کفایت اللہ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاج محمد ترند نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قومی سطح کی چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اور مختلف کھیلوں میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔


