Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, September 6, 2025

شاہد آفریدی کا  پولیس لائن پشاور کا دورہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سپر اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے آج ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور کا خصوصی دورہ کیا۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد اور ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پشاور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ شاہد آفریدی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔ بعدازاں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد سے ملاقات کے دوران امن و امان کی صورتحال اور عوامی خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

شاہد آفریدی نے حالیہ سیلاب متاثرین کیلئے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ میچ کے دوران پشاور پولیس کی مثالی اور پروفیشنل سکیورٹی انتظامات کو سراہا اور کہا کہ سکیورٹی کی بہترین انتظامات کی بدولت نیشنل اور انٹرنیشنل میچز کا انعقاد بھی پشاور میں کیا جا سکتا ہے جس پر سی سی پی او نے ان کو یقین دہانی دلائی کہ کسی بھی انٹرنیشنل اور نیشنل ایونٹس کی صورت میں پشاور پولیس سکیورٹی کو یقینی بنائیں گی۔

ملاقات کے دوران شاہد آفریدی نےخیبرپختونخوا پولیس کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہمیشہ فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ وہ خود کو پختون قوم کا فرد سمجھتے ہیں اور پشاور، خیبر اور خیبرپختونخوا کے عوام سے ان کا گہرا تعلق اور محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں اپنے غیور عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ آخر میں انہوں نے اپنی اور پشاور زلمی کی جانب سے پشاور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پشاور پولیس کو ایک پروفیشنل اور بہترین فورس قرار دیا۔

شاہد آفریدی کا  پولیس لائن پشاور کا دورہ

Shopping Basket