پیراپلیجک سنٹر پشاور میں سپورٹس ویک کا آغاز
چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر الیاس سید نے فیتہ کاٹ کر رنگارنگ تقریبات کا افتتاح کیا
پیراپلیجک سنٹر پشاور میں سپورٹس ویک کا آغاز رنگا رنگ تقریبات اور کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد ساتھ ہوگیا۔ سنٹر کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے فیتہ کاٹ کر اس شاندار سپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔ کھیلوں میں کالج طلبہ و طالبات، سنٹر کے عملے، داخل مریضوں، تیمارداروں اور صوبہ کے مختلف علاقوں کے علاؤہ سکردو، آزاد کشمیر اور کوئٹہ بلوچستان کے وہیل چیئر کھلاڑی بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ شریک ہیں۔ ڈاکٹر الیاس نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور میں صحت بخش اور مثبت سرگرمیاں سنٹر کے سلوگن “مریض ہمارا باس ہے” پر عمل کی تعبیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کھیل میں مریضوں اور وہیل چیئر کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت عزم و حوصلے کی علامت ہے جو ان کی بحالی کے سفر کو مزید تقویت دیتا یے۔ ہفتہ کھیل میں مجموعی طور پر 35 ٹیمیں اور انفرادی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
پہلے روز رسہ کشی، وہیل چیئرز والی بال، تیمارداروں اور وہیل چیئر ریس کے مقابلے اختتام پذیر ہوئے جبکہ باقی کھیلوں کے مقابلے پورے ہفتہ جاری رہیں گے۔ رسہ کشی میں اٹینڈنٹس کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ سیکورٹی زلمی کی ٹیم رنر اپ رہی۔ وہیل چیئر ریس میں داؤد خان نے پہلی اور عبداللہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح اٹینڈنٹس کی ریس میں نوید فاتح اور حذیفہ ملک رنر اپ رہے جبکہ وہیل چیئرز والی بال میں فرینڈز آف پیراپلیجکس کی ٹیم نے اول آور سی پی ایم آر کالج نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد کیلئے چیف آرگنائزر حفیظ اللہ کی زیر نگرانی 18 منتظمین مقرر کئے گئے ہیں۔ ہفتہ کھیل پیراپلیجک سنٹر پشاور، کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیب اور فرینڈز آف پیراپلیجکس کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد مریضوں کی جسمانی اور نفسیاتی بحالی میں معاونت اور حوصلہ افزائی ہے۔