فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے خیبرپختونخواہ کے قبائلی نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں ضلع خیبر کے علاقہ لنڈی کوتل میں فرنٹیئر کور نارتھ اور شاہد آفریدی فاونڈیشن کے باہمی اشتراک سے تعمیر کئے گئے خیبرانسٹیٹیوٹ آف ٹیکنیکل ٹریننگ کا پہلا کورس کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ اس موقع پر شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض تھے۔
تین ماہ پر مشتمل پہلے کورس میں 84 نوجوان مرد اور خواتین نے بنیادی ہنر کی تربیت حاصل کی۔ جس میں کمپیوٹر اور ڈیجیٹل سکلز، سلائ کڑھائ، موٹرسائیکل میکینک، الیکٹریشن اور ویلڈنگ کی تربیت شامل تھی۔ مہمان خصوصی آئ جی ایف سی نے کامیابی سے کورس مکمل کرنے پر شرکاء کو مبارک باد دی اور ان میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔ تقریب میں پریزیڈینٹ انڈسٹریل ایسوسی ایشین نے ضلع میں تکنیکی تعلیم کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
تربیت مکمل کرنے والے شرکاء نے فرنٹیئر کور نارتھ اور شاہد آفریدی فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کورسز سے علاقہ میں نوجوانوں کو باعزت روزگار حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے۔ اس موقع پر علاقہ مشران کی درخواست پر آئ جی ایف سی نے کورسز کے لئے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے صبح اور شام دو سیشنز پر محیط کورسز کے احکامات جاری کئے۔ پہلے کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد ادارے میں ای کامرس اور آن لائن بزنس کے کورسز کے اجراء بھی کر دیا گیا ہے۔
خیبر کے پسماندہ علاقے کے بچوں کو قومی دھارے میں بہتر مواقع دینے کے لئے اگلے مرحلے میں اس ادارے کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اسلام آباد کے ساتھ بھی اِلحاق کیا جا رہا ہے۔