Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Sunday, April 13, 2025

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا میٹرک امتحانات میں نقل روکنے کے لیے سخت اقدامات کا حکم

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیکرٹری تعلیم، تمام کمشنرز، تعلیمی بورڈز کے چیئرمین اور ضلعی تعلیمی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے میٹرک امتحانات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ میٹرک امتحانات طلبہ کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور حکومت امتحانی نظام میں اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔ تعلیم ایک بنیادی شعبہ ہے، اور ہمیں امتحانی نظام سے نقل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے ہوں گے۔

امتحانی ڈیوٹیاں میرٹ پر تفویض کی جائیں۔ امتحانات کی نگرانی کے لیے ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی (EMA)، ضلعی انتظامیہ اور اسپیشل برانچ کو متحرک کیا جائے گا۔ جہاں ضرورت ہو وہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، جبکہ گریڈ 18 اور اس سے اوپر کے افسران امتحانات کی مانیٹرنگ پر مامور ہوں گے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز، تحصیلداروں کے بجائے اسسٹنٹ کمشنرز کو امتحانی ہالز کے معائنے پر لگائیں تاکہ کسی بھی بیرونی مداخلت کو روکا جا سکے۔ امتحانی عملے میں مشکوک ریکارڈ رکھنے والے افسران کو ڈیوٹیاں تفویض کرنے سے گریز کیا جائے۔ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس مرتب کی جائیں اور EMA کی ٹیموں کے ذریعے امتحانات کی لائیو مانیٹرنگ کرے۔

نقل میں معاونت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ نقل کے عمل میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ امتحانات کے لیے نجی تعلیمی اداروں میں قائم ہالز پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکا جا سکے۔ ایک اور اہم اقدام کے تحت، طلبہ کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں یکم فروری کے بعد مائیگریشن پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی تاکہ غیر ضروری تبادلے کے ذریعے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوششوں کو روکا جا سکے۔ اس کے علاوہ، امتحانی مراکز کے قریب واقع اسٹیشنری دکانوں اور فوٹو کاپی سینٹرز پر چھاپے مارے جائیں گے جو نقل کا مواد فروخت کرنے میں ملوث پائے جائیں۔ نقل کا رجحان ہمارے تعلیمی نظام کو تباہ کر رہا ہے۔ ہم ایک شفاف اور منصفانہ امتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ملک کے لیے قابل اور باصلاحیت طلبہ تیار کیے جا سکیں۔ چیف سیکرٹری

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا میٹرک امتحانات میں نقل روکنے کے لیے سخت اقدامات کا حکم

Shopping Basket