یو این ویمن پاکستان، یو این ڈی پی اور یورپی یونین کے تعاون سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں اراکین اسمبلی کی آگاہی کیلئے منعقدہ سہ روزہ “جینڈر رسپانسیو بجٹنگ” ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی، اراکین صوبائی اسمبلی اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے خصوصی شرکت کی۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے یو این ویمن، یو این ڈی پی اور دیگر شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں صنفی مساوات کے فروغ، خواتین کو مساوی مواقع کی فراہمی، اور اس ضمن میں قانون سازی جیسے گھریلو تشدد کیخلاف بل، وراثت کے حقوق، لیبر لاز، غگ کے خاتمے، دارالامان کیلئے ایس او پیز کی تیاری اور خیبرپختونخوا وومن امپاورمنٹ پالیسی میں صوبائی اسمبلی کے ساتھ تکنیکی معاونت فراہم کرنا قابل تحسین عمل ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی اسپیکر اور چئرپرسن اسپیشل کمیٹی برائے جینڈر مین سٹریمنگ، ثریا بی بی نے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے یو این ویمن، یو این ڈی پی، محکمہ خزانہ، اور پی اینڈ ڈی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سہ روزہ سیشن کے ذریعے اراکینِ اسمبلی، بالخصوص خواتین ممبران کو بجٹ سازی کے مراحل، آمدن و اخراجات، پی سی ون و ٹو، اور این ایف سی ایوارڈ جیسے اہم امور پر قیمتی آگاہی فراہم کی گئی، جو کہ صنفی مساوات کی جانب عملی قدم ہے۔ انہوں نے جمشید قاضی (یو این ویمن)، وان نیون (یو این ڈی پی)، زینب خان، محکمہ خزانہ اور پی اینڈ ڈی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر یو این ویمن اور یو این ڈی پی نے سہ روزہ سیشن کی کامیاب میزبانی اور انتظامات پر اسپیشل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن صوبائی اسمبلی سید وقار شاہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اختتام پر اراکینِ اسمبلی و دیگر شرکاء میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔