ملک کے دیگر حصوں کی طرح تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام تخت بھائی میں بھی 14 اگست ، معرکہ حق 78 ویں جشن آزادی کی خوشی میں ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب ٹی ایم اے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر قومی پرچم کی پرچم کشائی کی گئی، آتش بازی، درجنوں کبوتروں کو آزاد کر کے فضا میں اڑا دیئے گئے ،پورا پنڈال پاکستان زندہ باد کی نعروں سے گونج اٹھا۔ تقریب میں مختلف پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کے طلباءنے تلاوت کلام پاک، حمد ،نعت ، پرجوش خصوصی ملی نغمے، لہو گرمانے والے تقاریر پیش کر کے شرکاء سے خوب داد وصول کی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر تخت بھائی عدنان ممتاز خٹک ، تحصیل کونسل تخت بھائی کے چیئرمین حافظ محمد سعید ، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن آفیسر رحمٰن شیر ، ٹی او آر عثمان علی ناشاد ، ایس ڈی او ایجوکیشن میل افتخار ٹکر ، ریسکیو 1122 اسٹیشن کے انچارج جمیل خان ، جے یو آئی مرکزی سپریم کونسل کے رکن الحاج دوست محمد درویش ، مرکزی تنظیم تاجران تحصیل تخت بھائی کے صدر حاجی طارق خان ، جنرل سیکرٹری عزیز الوہاب یوسفی ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاضی محمد اقبال ، کمیسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن تحصیل کے صدر حاجی محمد یوسف ، سویٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد حسن ، پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صدر لطف الوہاب ، تخت بھائی پریس کے جنرل سیکرٹری اکبر خان یوسفزئی ، سابق جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جان عالم ، تخت بھائی جرنلسٹ فورم کے جنرل سیکرٹری فیاض انور اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر تحصیل میونسپل آفیسر رحمان شیر اور ٹی او آر عثمان علی ناشاد کو خصوصی شیلڈ سے نوازاگیا اور 14 اگست میں بہترین سجاوٹ ، چراغاں کرنے پر تاجروں کو خصوصی نقد انعامات اور تحائف دیئے گئے۔ اور آخر میں شرکاء نے سر سبز پاکستان مہم کے سلسلے میں سبزہ زار میں پودے لگا کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی ۔
