Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, August 1, 2025

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2026 کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں حج پالیسی 2026 کی منظوری دی گئی۔ پالیسی کے مطابق پاکستان کے لیے حج کوٹہ 179,210 مختص کیا گیا ہے، جس میں 70 فیصد یعنی 119,210 نشستیں سرکاری حج اسکیم کے لیے اور 30 فیصد یعنی 60,000 نشستیں پرائیویٹ اسکیم کے لیے مختص کی گئی ہیں۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت روایتی طویل (38-42 دن) اور مختصر (20-25 دن) پیکجز فراہم کیے جائیں گے، جن کی لاگت ساڑھے گیارہ لاکھ سے ساڑھے بارہ لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔ حج درخواستیں 4 اگست سے جمع کی جائیں گی اور پہلی قسط، طویل پیکج کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ مختصر پیکج کے لیے ساڑھے پانچ لاکھ روپے، کسی بھی نامزد بینک میں جمع کروائی جا سکے گی۔

عازمینِ حج کے لیے سعودی عرب سے منظور شدہ ویکسین، قربانی کی ادائیگی اور پاسپورٹ کی میعاد 26 نومبر 2026 تک لازمی ہوگی۔ عازمین کا انتخاب “پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر ہوگا اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی سرکاری اسکیم کے تحت شرکت کر سکیں گے۔

پالیسی میں مالیاتی شفافیت، ڈیجیٹل نگرانی، حج ایپ، ایمرجنسی رسپانس، تربیتی پروگرامز، شکایات کے شفاف نظام، اور تیسرے فریق سے کارکردگی کے جائزے جیسے نکات بھی شامل ہیں۔ پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے ڈی ایچ سیز کو سعودی اصولوں کے مطابق کوٹہ دیا جائے گا اور انہیں وزارت مذہبی امور کے آئی ٹی پورٹل سے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔


 

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2026 کی منظوری دے دی

Shopping Basket