خیبر پختونخوا میں رواں سال کا پہلا انسداد پولیو کمپین آج سے شروع صوبہ خیبر پختونخوا میں رواں سال کا پہلا انسداد پولیو کمپین آج سے شروع ہورہا ہے۔ مشیر صحت احتشام علی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیو ویکسین بچوں میں مستقل معذوری کا سبب بننے والی اس موذی مرض سے مکمل تحفظ فراہم کررہا ہے۔ کمپین ضلع کرم سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں چلایا جارہا ہے ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے بچوں کو ویکسین پلانے کیلئے ان کی دہلیز پر آنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاوء کے قطرے ضرور پلائیں۔
مشیر صحت کا کہنا ہے کہ صوبے کے کونے کونے میں ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے مخصوص حکمت عملیاں بھی ترتیب دی گئی ہیں۔ ان میں بائیکرز سٹریٹجی، رنگ سٹریٹجی، ہیلتھ کیمپس کا قیام اور انٹیگریٹڈ سروس ڈیلیوری (آئی ایس ڈی) وغیرہ شامل ہیں۔ اس مہم کے دوران صوبے میں مجموعی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے 65 لاکھ 37ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوء کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم کے نفاذ کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 39،842ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق ان ٹیموں میں 32,482 موبائل ٹیمیں، 3،934 نگران، 1,945 فکسڈ ، 1,321 ٹرانزٹ اور 160 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔ مشیر صحت کے مطابق ان ٹیموں کی موثر نگرانی کے لیے 8,329 ایریا انچارجز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے صوبے میں تقریبا 50 ہزار کے قریب سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔