حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ڈٹ کر مقابلہ کرکے اس مٹی کی حفاظت کی خاطر شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہونے والے ایس آئی تاج میر شاہ اوراے ایس آئی محمداکرم کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ شہیدوں کی نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ اختر حیا ت گنڈا پور، کمانڈنٹ فرنٹئیر کانسٹیبلری معظم جاء انصاری، آئی جی فرنٹئیرکور نور ولی خان،کمانڈر 102بریگیڈ بریگیڈئر ساجد محمود، سی سی پی او پشاور قاسم علی خان،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود، ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار،ڈی پی او ضلع خیبر، ایس ایس پی کواڈی نیشن محمد وقاص خان، چیف ٹریفک آفیسر سعود خان، ڈیویژنل ایس پیز، سی ٹی ڈی حکام سمیت شہداء کے لواحقین نے جنازہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی،انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ اختر حیات گنڈا پو، کمانڈنٹ فرنٹئیر کانسٹیبلری معظم جاء انصاری، آئی جی فرنٹئیرکور نور ولی خان،کمانڈر 102بریگیڈ بریگیڈئر ساجد محمود، سی سی پی او پشاور قاسم علی خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس اور کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود نے شہیدوں کے تابوتوں پر پھول چڑھائے اور شہیدوں کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے دعا کی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ اختر حیا ت گنڈا پور اور سی سی پی او قاسم علی خان نے شہید کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہیدوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن عزیز کی خاطر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور علاقہ میں دہشت پھیلانے والے ملک دشمن عناصر کا خاتمہ کیا انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پر اپنی جان نچھاور کرنے والوں کی جرات و بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس عزم کا اعاد ہ کیا کہ دہشت کردی کے خلاف ہر قیمت پر یہ جنگ جاری رہیگا۔