صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں، ضلعی انتظامیہ مانسہرہ اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کی نگرانی میں ہفتہ جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات بھرپور طریقے سے منائی جا رہی ہیں۔اسی سلسلے میں آج گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ مانسہرہ میں ایک نہایت اہم اور مفید سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا موضوع تھا:”سائبر سیکیورٹی اور اہم انفراسٹرکچر کا تحفظ”اس سیشن میں مہمان مقرر انجینئر عباس خان نے خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مواصلات ، توانائی اور ٹرانسپورٹ سسٹم کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے نہایت قیمتی معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ جدید دنیا میں سائبر سیکیورٹی کتنی اہمیت اختیار کر چکی ہے اور ریاستی اداروں کی تنصیبات کے دفاع میں اس کا کلیدی کردار ہے۔ سیشن کے دوران یہ بھی اجاگر کیا گیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہماری مسلح افواج کی تکنیکی برتری کس طرح فیصلہ کن ثابت ہوئی۔طلبہ نے سیشن میں گہری دلچسپی لی اور مختلف سوالات کے ذریعے اپنے علم میں اضافہ کیا۔ یہ تقریب ہفتہ جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کا ایک اہم حصہ تھی جس کا مقصد نوجوانوں میں قومی شعور، تکنیکی آگاہی، اور حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔