خیبرپختونخوا کابینہ کے 47 ویں اجلاس میں رواں سال کے لیے رمضان پیکج کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت رواں سال 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدنی والے خاندانوں کو رمضان پیکج فراہم کرے گی۔ مزمل اسلم نے کہا کہ یہ اقدام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے، تاکہ مستحق افراد کو مہنگائی کے موجودہ دور میں حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فی خاندان اوسطاً 12 ہزار 500 روپے کی مالی معاونت دی جائے گی، جس سے مستحق خاندان رمضان المبارک کے دوران بنیادی ضروریات آسانی سے پوری کر سکیں گے۔ مشیرِ خزانہ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے سال 2024 میں پہلی مرتبہ رمضان کے موقع پر 10 ہزار روپے فی خاندان امدادی پیکج دینے کی روایت قائم کی تھی، جس کے بعد 2025 میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں نے بھی اسی طرز پر اپنے اپنے رمضان پیکجز متعارف کرائے۔ مزمل اسلم نے مزید کہا کہ رواں سال بڑھتی ہوئی مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے رمضان پیکج کی رقم میں 25 فیصد اضافہ کر دیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان پیکج کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے، تاکہ امداد حقیقی مستحقین تک بروقت پہنچ سکے۔


