قائداعظم کے یوم ولادت کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا پیغام

پوری قوم کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی مبارک ہو۔ قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم رہنما تھے۔  قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی جداگانہ ریاست کے تصور کو حقیقت کا روپ دیا۔  قائد اعظم کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کے نتیجے میں مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی۔

پڑوسی ملک بھارت کے مسلم مخالف رویے نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کے قیام کا فیصلہ درست اور صحیح فیصلہ تھا۔آج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں یہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور سیاسی بصیرت کی مرہون منت ہے۔

پاکستان کے قیام کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا۔ ایک ایسی ریاست جس میں قانون، انصاف اور میرٹ کی بالادستی ہو اور کوئی قانون سے بالاتر نہ ہو۔ وطن عزیز کو بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے سب کو ہر قسم کی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے قائداعظم کے زرین اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے سیاسی مفادات کو قومی مفادات کے تابع کرنا ہوگا۔ آج ہم ملک کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے اور یہاں قانون کی بالادستی کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر آج ہم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket