دوسری نیشنل ویمن لیکروس چیمپئن شپ خیبرپختونخوا نے جیت لی فائنل میںگلگت بلتستان کو 3-2 سے شکست ، چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 9 ٹیموں نے حصہ لیا ۔ مہمان خصوصی سیکرٹری حطار انڈسٹریل اسٹیٹ، سفیر احمد اور صدر ایبٹ آباد چیمبر آف کامرس حاجی مقبول خان نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ، پاکستان لیکروس فیڈریشن کے زیراہتمام منعقدہ دوسری نیشنل ویمن لیکروس چیمپئن شپ میں دومختلف کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہوئے سکسز لیکروس کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا نے پہلی ، گلگت بلتستان نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ مین فیلڈلیکروس مقابلوں میں پنجاب نے سندھ کو تین ایک سے شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کی خیبرپختونخوا تیسرے نمبر پر رہی ، ایونٹ میں 9 ٹیموںکے 120 خواتین کھلاڑیوں اور 30 آفیشلز نے شرکت کی، جو پاکستان میں اس کھیل کی تیز رفتار ترقی کا مظہر ہے۔اس موقع پر پاکستان لیکروس فیڈریشن کے سیکرٹری انجینئر طیفور زرین نے نے خواتین کو بااختیار بنانے اور کھیلوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں لیکروس تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور پی ایل ایف نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں 150 سے زائد سرگرمیاں منعقد کی ہیں۔ “خواتین کی کھیلوں میں شمولیت نہ صرف ان کو بااختیار بناتی ہے بلکہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک معیار قائم کرتی ہے۔اس موقع پر مہمان خصوصی سفیر احمد نے اپنے خطاب میں کھلاڑیوں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا، “لیکروس عزم اور اتحاد کا کھیل ہے۔ ایسے اقدامات کی حمایت یہ یقینی بناتی ہے کہ پاکستان کی خواتین کو کھیلوں میں مساوی مواقع ملیں۔” حاجی مقبول خان نے بھی پی ایل ایف کی کھیلوں کے فروغ کی کوششوں کی تعریف کی۔
