Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, April 12, 2025

پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے تین روزہ ملٹی اسٹیک ہولڈر پروگرام مکمل

پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے تین روزہ ملٹی اسٹیک ہولڈر پروگرام مکمل

مردان: انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے تین روزہ ملٹی اسٹیک ہولڈر پروگرام مردان میں مکمل ہو گیا۔ یہ پروگرام غیر سرکاری تنظیم انڈیویجل لینڈ کے زیر اہتمام، یورپی یونین، یو این او ڈی سی، نیکٹا اور مردان کی شہری حکومت کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ایک مؤثر ارلی وارننگ سسٹم کی تشکیل تھا جو پرتشدد انتہا پسندی کے خطرات کی پیشگی نشاندہی کرے گا اور ان کے سدباب میں مدد دے گا۔

یہ نظام انتہا پسندانہ سوچ کے عوامل کی نگرانی، عوام میں آگاہی بڑھانے اور ممکنہ سانحات کی روک تھام کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ اس کی عملدرآمد کی حکمت عملی واٹس ایپ چینل اور ریڈیو نشریات پر مرکوز ہوگی تاکہ عوام کو فوری اور مستند معلومات فراہم کی جا سکیں۔ اس مقصد کے لیے 20 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو انتہا پسندی کے خطرات کا جائزہ لے گی، جبکہ 30 افراد پر مشتمل ایک علیحدہ ٹیم سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی گمراہ کن معلومات کا تجزیہ کرے گی اور عوام تک درست معلومات پہنچائے گی۔

پروگرام کے دوران سیف اللہ کھوسو، انٹیگریٹڈ آپریشن اینڈ پروگرام مینیجر نے سیاسی، سماجی اور مذہبی انتہا پسندی کے عوامل پر روشنی ڈالی اور ان کے سدباب کے ممکنہ طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مشہود علی، کیپیسیٹی بلڈنگ لیڈ نے ارلی وارننگ سسٹم کا ابتدائی خاکہ پیش کیا، جس پر شرکاء اور میئر مردان حمایت اللہ مایار نے تجاویز دیں۔ ان تجاویز کو شامل کرنے کے بعد حتمی ارلی وارننگ سسٹم کی منظوری دی گئی اور اسے میئر مردان کے حوالے کیا گیا۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے میئر مردان حمایت اللہ مایار نے کہا،
“اس جدید دور میں جہاں نفرت، جھوٹ اور انتہاپسندی نئے راستے اختیار کر رہے ہیں، ہمیں اپنی تیاری بھی جدید خطوط پر کرنا ہوگی۔ عوام تک بروقت اور درست معلومات پہنچانے کے لیے مؤثر ذرائع اختیار کرنا ہوں گے اور کمیونٹی کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ انتہاپسندانہ عوامل کی پیشگی نشاندہی ہو سکے اور ہم اپنے ملک و قوم کو کسی بڑے سانحے سے بچا سکیں۔”

ماہرین اور شرکاء نے اس اقدام کو ایک مؤثر حکمت عملی قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نظام کے ذریعے انتہا پسندی کے رجحانات کی بروقت نشاندہی اور ان کا سدباب ممکن ہو سکے گا۔ مزید برآں، میڈیا خواندگی اور پرتشدد بیانیے کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے ریڈیو نشریات کو بھی فعال کردار سونپا جائے گا۔ یہ اقدام مقامی حکومت، سول سوسائٹی اور میڈیا کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور شہریوں کو انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک مربوط اور پائیدار نظام کی تشکیل کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے تین روزہ ملٹی اسٹیک ہولڈر پروگرام مکمل

Shopping Basket