سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ہوم اکنامکس گرلز کالج پشاور یونیورسٹی میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم نے طلباء کو آگاہی دی۔ آگاہی سیمینار میں اساتذہ‘ طلباء اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ایجوکیشن ٹیم نے سیمینار کے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی‘ زیبرا کراس اور سیٹ بیلٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔ ایجوکیشن ٹیم کے انچارج نے طلبہ کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا ہے کہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی عملداری سے ہی حادثات پر قابوپایا جاسکتا ہے منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاس ہوتی ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کابہتر طور پر سامنا کرنے کا محور ہے انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری حادثات پر مؤثر قابو پانے کا ضامن ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کا بہتر طور پر سامنا کرنے کا محور ہوتا ہے۔
