Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, February 10, 2026

ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کا جی آئی ڈی ایس کا دورہ

اسلام آباد:  صدر جمہوریہ ازبکستان شوکت مرزیوئیف نے سینئر وزراء کے ہمراہ اپنے دورۂ پاکستان کے ایک حصے کے طور پر گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS) کا سرکاری دورہ کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M) HJ، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے معزز صدر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور دورے کے دوران ان کی میزبانی کی۔

دورے کے موقع پر صدر ازبکستان کو جی آئی ڈی ایس کے متنوع اور جدید پورٹ فولیو کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں جدید دفاعی حل، صنعتی صلاحیتیں اور تکنیکی اختراعات شامل تھیں۔ وفد نے مختلف اہم تنصیبات کا دورہ کیا اور دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا جو مقامی دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاسی کرتی ہیں۔

اس موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں ممالک نے شراکت داری، علم کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

دورے کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کی دفاعی اور صنعتی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ قیادت نے مستقبل میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

یہ دورہ پاکستان اور جمہوریہ ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کا جی آئی ڈی ایس کا دورہ

Shopping Basket