پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں زیرِ تربیت جوانوں اور خواتین ٹرینیز کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب گزشتہ ماہ 29 نومبر 2024 کو منعقدہ ورائٹی شو میں بہترین اسٹیج پرفارمنس دینے والے ٹرینیز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ترتیب دی گئی تھی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج، جناب ڈاکٹر فصیح الدین اشرف تھے، جبکہ کالج کی انتظامیہ، زیر تربیت جوان، اور خواتین ٹرینیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا صہیب، خطیب جامع مسجد عثمان پی ٹی سی، نے حاصل کی۔ بعدازاں، مہمانِ خصوصی ڈاکٹر فصیح الدین اشرف نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ایسی تقریبات کا انعقاد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت افراد نے پروفیشنل اداکار نہ ہونے کے باوجود اسٹیج پر اپنی کارکردگی سے سامعین کو متاثر کیا، جو قابلِ تعریف ہے۔
خطاب کے دوران ڈاکٹر فصیح الدین اشرف نے قرآنِ پاک کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے زور دیا کہ ہمیشہ سچائی کا دامن تھامے رکھیں اور ایسی بات کریں جو دل کو لگے اور درست ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصول زندگی کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
تقریب کے آخر میں ورائٹی شو میں شاندار پرفارمنس دینے والے جوانوں اور خواتین ٹرینیز کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیے گئے۔ اس موقع پر کمانڈنٹ نے اپنی سالگرہ کی خوشیاں بھی تقریب کے شرکاء کے ساتھ منائیں اور ان کے لیے چائے اور دیگر لوازمات کا اہتمام کیا اور تمام شرکاء کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور تمام شرکاء نے اس کے انعقاد کو سراہا۔