آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل ہارون حمید چودھری نے وانا میں ایف سی ساوتھ کے تعاون سے قائم کردہ “کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر” کا افتتاح کیا۔ سنٹرل پولیس آفس پہنچنے پر ڈپٹی کمیشنر ساوتھ وزیرستان (لوئر) محمد ناصرخان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساوتھ وزیرستان (لوئر) فرمان اللہ وردگ نے ان کا استقبال کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے مہمان خصوصی کو نئے قائم شدہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پر خصوصی بریفنگ دی ۔واضح رہے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اپنی نوعیت کا سیکیورٹی کا جدید نظام ہے۔ نیا قائم شدہ نظام جدید خود کار شناخت اور سیکیورٹی کا جدید ترین مربوط خود کار نظام ہے۔ اور اس کے قیام کا بنیادی مقصد سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی ایف سی ساوتھ نے وانا میں احمد زئی قبیلے کے ملک و مشران، نوجوان، علمائے کرام، تاجران اور سول انتظامیہ کے ساتھ جرگہ کیا۔آئی جی ایف سی نے امن کے قیام میں احمد زئی قبیلے کی حمایت اور سیکورٹی فورسز کے لیے ان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ جرگے کے دوران آئی جی ایف سی نے جنوبی وزیرستان میں ترقی کیلئے کیے گئے متعدد اقتصادی اقدامات، 3G/4G سروس کی بحالی، قومی سطح پر سمگلنگ کے اثرات کو اجاگر کیا اور علاقے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔احمد زئی قبیلے نے علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے سیکورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا اور انسداد منشیات مہم کی بحالی اور پولیسنگ سے متعلق مسائل کے حل کی درخواست کی۔مزید براء احمد زئی قبیلے نے انگور اڈا بارڈر ٹرمینل پر ون ڈاکیومنٹ رجیم کے نفاذ کیلئے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرنے پر مشاورت کی۔