Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, December 17, 2025

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا گیا

پشاور: شعبہ ذیابیطس اور اینڈو کرائنالوجی، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، پی جی ایم آئی کے زیر اہتمام ذیابیطس کا عالمی دن مرکزی آڈیٹوریم میں منایا گیا۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، معروف اینڈو کرائنولوجسٹز اور میڈیکل عملے نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت ڈاکٹر اشفاق نے حاصل کی۔

پروفیسر ڈاکٹر خالد عثمان نے ذیابیطس کے تاریخی پس منظر، شعبے کی فراہم کردہ خدمات اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ شعبہ اینڈو کرائنالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر غفار نے سال 2025 کے موضوع کے تحت ذیابیطس کے مریضوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور اس کے علاج و روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی پر زور دیا۔ انہوں نے حاضرین کو اپنی ٹیم کے تعلیمی اداروں میں منعقد کیے جانے والے آگاہی سیشنز کے بارے میں بھی آگاہ کیا تاکہ نوجوان نسل کو اس بیماری کے بارے میں معلومات فراہم کی جا سکیں۔

مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر خان، ڈین HMC/KGMC، نے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور شعبہ اینڈو کرائنالوجی کی جانب سے آگاہی سیشنز کے انعقاد کو سراہا۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شاہ نے خدمات کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔ سیشن کے اختتام پر ڈاکٹر شیر زمان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں و منتظمین کو شیلڈز سے نوازا گیا۔

تقریب کے بعد ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا اور ڈی ٹی ایل اور انسولین کی جانب سے لائف پروجیکٹس کے موبائل وین میں مفت شوگر اور ریٹینوپیتھی اسکریننگ کیمپ بھی منعقد کیا گیا، جس میں عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا گیا

Shopping Basket