فاطمید فاؤنڈیشن پشاور سنٹر کے زیر اہتمام ورلڈ ہیموفیلیا ء ڈے کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ہیموفیلیاء کے مریضوں سمیت ان کے والدین نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید جواد حسین کاظمی اور سیکرٹری چیمبر سید فیصل حسین کاظمی تھے۔ ان کے علاوہ معروف فا و نڈیشن کی ہیڈ معروف محمود اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانوں نے ادارے کے ایڈمنسٹریٹر بدر حسین کے ہمراہ تمام شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔جہاں انہیں تھیلی سیمیا و ہیموفیلیاء اور دیگر امراض خون میں مبتلا مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ مہمان خصوصی سید جواد حسین کاظمی نے ادارے کو امراض خون کے مریضوں کی بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اور سٹاف حقیقی معنوں میں داد کے مستحق ہیں کیونکہ آج کے مشکل ترین دور اور وسائل کی کمی کے باوجود اتنی بہترین اور معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں آخر میں مہمانوں نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ ایڈمنسٹریٹر بدر حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔