پشاور: خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاور کے زیر اہتمام ایک روزہ فن فیئر2023 کا آغاز ہو گیا۔ فن فیئر کا افتتاح یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم گنڈاپور نے کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹرسپورٹس ڈاکٹر عنایت شاہ کے علاوہ مختلف اداروں اور شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ فن فیئر کے انعقاد کا مقصد طلباء و طالبات کے ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے انکی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر طلباء کی ہاتھ کی بنائی گئیں تصاویر،فوٹو گرافی اورخطاطی کی نمائش کا بندوبست بھی کیا گیا تھا جس میں طلباء و طالبات نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ فن فیئرکے دوسرے حصے میں کلچرل شو،آٹو شو،ڈرامے،مزاحیہ خاکوں کے ساتھ ساتھ اردو، پشتو اور انگریزی زبانوں میں مشاعرے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ مشاعرے کی صدارت معروف مزاحیہ شاعر انور مسعود نے کی۔ انھوں نے اپنی طنزو مزاح پرمبنی شاعر ی کے ذریعے شرکاء سے زبردست داد وصول کی اور کے ایم یو کی اس مثبت سرگرمی کو سراہا۔
قبل ازیں افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم گنڈاپور نے کہا کہ کے ایم یو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کی ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی یکساں اہمیت دی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فن فیئر کے انعقاد کا مقصد طلباء و طالبات کو پر امن اور محفوظ تعلیمی ماحول میں انکی پوشیدہ ہم نصابی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر سلیم گنڈاپور نے کہا کہ طلباء کی مکمل شخصیت سازی تعلیمی نصاب کاایک اہم جز ہے اور مثبت تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیاں اس ضمن میں کلیدی کرداراداکرتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ موجود فرسٹریشن،منشیات کی لعنت اور بد امنی کے ماحول میں فن فیئر جیسی تعمیری اور مثبت سرگرمیوں سے نوجوانوں میں نہ صرف انتہاپسندی کے رجحانات کی حوصلہ شکنی میں مدد ملے گی بلکہ اس سے نوجوانوں کو اپنی پوشیدہ خصوصیات نکھارنے کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔ انھوں نے فن فیئر کے بہترین انتظامات اور تمام ذیلی اداروں کے طلباء و طالبات کی بڑے پیمانے پر شرکت اور ان کے جوش و خروش کی تعریف کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی اور توقع ظاہر کی کہ یونیورسٹی میں اس طرح کی تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کو نئی جدت کے ساتھ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔