خیبر پختونخوا کابینہ میں شامل ممبران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوئی۔ نومنتخب ممبران کابینہ سے حلف گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے لیا جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی موجود تھے۔ خیبر پختونخوا کیلئے 20 رکنی کابینہ تشکیل دی گئی ہے جس میں 15 وزراء اور 5مشیر شامل ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پولیس اختر حیات گنڈاپور اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔
گورنر غلام علی نے خیبر پختونخوا حکومت کی نومنتخب کابینہ میں شامل ارشد ایوب، شکیل احمد، فضل حکیم، عدنان قادری، عاقب اللہ، محمد سجاد، مینہ خان، فضل شکور ، نذیر احمد عباسی، پختون یار، آفتاب عالم آفریدی، خلیق الرحمن، سید قاسم علی شاہ، فیصل ترکئی اور محمد ظاہر شاہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر کابینہ ممبران نے عمران خان کی تصویر بھی میز پر رکھی تھی اور حلف برداری کے اختتام پر عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ کابینہ میں 15 وزراء کے ساتھ ساتھ 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں سید فخر جہاں، مزمل اسلم،بیرسٹر محمد علی سیف، مشال اعظم اور زاہد چن زیب کو شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مزمل اسلم ایک سے دو روز میں پشاور پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔