خیبرپختونخوا فٹبال ٹیم اگست میں ارجنٹائن کا دورہ کریگی، شاہد شنواری
خیبرپختونخوا کی فٹبال ٹیم ایک ماہ کے دورے پر اگست میں ارجنٹائن جائے گی ٹیم کے ہمراہ کوچز‘ آفیشلز بھی جائیں گے چالیس رکنی دستہ اگست میں ارجنٹائن جائیگا ان خیالات کا اظہار فٹبال آرگنائزر و پروموٹر و سابق نیشنل فٹبال پلیئر شاہد خان شنواری نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ان کی ارجنٹائن کے سفیر لیوپولڈو ایف سیہورز سے ملاقات کی جس میں انہوں نے خیبرپختونخوا فٹبال ٹیم اور وفد کو ارجنٹائن کی دعوت دی یہ دورہ ایک ماہ پر مشتمل ہوگا جس میں کے پی کی منتخب ہونیوالی ٹیم شرکت کرے گی اور ارجنٹائن میں پہلے بیس روز تک ارجنٹائن کے معروف کوچز کے پی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کریں گے اور پھر دس روز ارجنٹائن کے کلبوں کیساتھ میچ منعقد ہوں گے جس کا مقصد فٹبال کا فروغ اور کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ایکسپوژر فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ وفد اگست میں ارجنٹائن جائے گا اور اس سے ایک ماہ قبل ٹیم کے انتخاب کے لئے کیمپ پشاور میں لگایا جائیگا جس میں بہترین ٹیم سلیکشن ہوگی مئی کے تیسرے ہفتے میں ارجنٹائن کی خواتین فٹبال کوچز بھی پاکستان آئیں گی جو کے پی‘ اسلام آباد اور کوئٹہ میں فٹبال کے کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کریں گی ایک سوا ل کے جواب میں سابق نیشنل فٹبالر شاہد خان شنواری نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ہماری اس دورے کے لئے مشترکہ کاوشیں ہوں گی اور امید ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان فٹبال فیڈریشن ہمارے ساتھ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گی جلد ہی اس سلسلے میں ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔