Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, November 26, 2025

میئر پشاور کی زیر صدارت کھلی کچہری

پشاور میں میئر حاجی زبیر علی کی کھلی کچہری؛ بلدیاتی نمائندوں نے مسائل رکھ دیے، سی سی پی او نے فوری حل کی یقین دہانی کر دی

پشاور: سٹی کونسل ہال پشاور میں میئر پشاور حاجی زبیر علی کی زیر صدارت کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید، چیف ٹریفک آفیسر زاہداللہ، ایس پیز، ڈی ایس پیز اور پشاور کے بلدیاتی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیل چیئرمین کلیم اللہ، ارباب وصال، محمود الحسن، شہزاد خلیل، ولی محمد، اخونزادہ زاہداللہ، پرویز وقار سمیت دیگر نمائندوں نے اپنے علاقوں کے مسائل پیش کیے اور سی سی پی او کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

میئر پشاور حاجی زبیر علی نے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی نمائندے پشاور کی تعمیر و ترقی کے لیے رضاکارانہ فورس کے طور پر کام کر رہے ہیں اور ان کی مدد سے جرائم کے خاتمے میں نمایاں پیش رفت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں آئس، اسلحہ کلچر اور دیگر جرائم کے خلاف سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
میئر نے زور دیا کہ پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ، ڈی آر سیز کی ازسرِنو فعالیت اور بین الادارہ جاتی رابطہ کار کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کی عملی کوشش ہے۔

سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “پولیس آپ کے سامنے جواب دہ ہے”۔ انہوں نے بتایا کہ تمام نمائندوں کے مسائل نوٹ کر لیے گئے ہیں جن کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈی آر سی سے متعلق شکایات دور کرنے اور نمائندوں کے نئے انتخاب کا بھی اعلان کیا گیا۔
سی سی پی او نے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہوائی فائرنگ، منشیات خصوصاً آئس کے خاتمے میں عوام سے مکمل تعاون کی اپیل کی۔

ڈاکٹر میاں سعید نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر سے تعلق رکھنے والے ایس ایچ اوز کو فوری معطل کیا جائے گا۔ انہوں نے سپیریئر سائنس کالج کے اندر قائم پولیس چوکی کو تین دن کے اندر باہر منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
مزید برآں، اقبال پلازہ کے باہر پولیس نفری تعینات کرنے اور جرائم کے سدباب کے لیے سخت کارروائی کی ہدایات بھی دیں۔

میئر پشاور کی زیر صدارت کھلی کچہری

Shopping Basket