پشاور میں 52 شہری یونین کونسلوں میں 15 اکتوبر تک جاری رہنے والی 12 روزہ انسداد ٹائیفائیڈ ویکسی نیشن مہم کے تحت نو ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 896,724 بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔
ویکسینیشن مہم کے دوران 633 آؤٹ ریچ ٹیمیں، 82 فکسڈ ٹیمیں اور 30 موبائل ٹیمیں ویکسین لگائیں گی جبکہ مہم کی نگرانی 144 فرسٹ لیول سپروائزر اور 51 میڈیکل آفیسرز کریں گے اور ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران بھی دن بھر حصہ لیں گے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران ویکسینیشن مہم کی تفصلات بتائی گئیں۔
اجلاس میں انسداد ٹائیفائیڈ کی جاری مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ ٹائیفائیڈ ایک خطرناک بیماری ہے جو جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ والدین سے درخواست کی گئ کہ اپنے بچوں کو اس جان لیوا بیماری کے خلاف ویکسین ضرور لگوائیں۔