پشاور: ورلڈ گیمز‘یورپئین سمیت اولمپکس مقابلوں میں جوڈو میں گولڈ میڈل جیتنے والی ممتاز جوڈوکاز ڈاکٹر سبرینا فلز مورز گزشتہ روز کے ٹو کی پہاڑی سر کرنے کے بعد پشاور آئیں۔ پشاور سپورٹس کمپلیکس پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ان کے ہمراہ صوبائی جوڈو ایسوسی ایشن کے صدر و پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر مسعود احمد سمیت جوڈو کے دیگر آفیشلز اور پشاور میں جاری قومی جوڈو ٹیم کے کیمپ کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔
سبرینا فلز مورز نے ڈی جی سپورٹس سے ملاقات کی اور ان کی مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی سپورٹس خالد محمود نے کیمپ کے کھلاڑیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں تاہم کھلاڑیوں کو میڈلز جیتنے پر توجہ دینی چاہیئے۔
ڈاکٹر سبرینا فلز مورز نے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں صحافیوں کو بریفنگ دی جس میں انہوں نے پاکستان بھر کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے انہیں ہر موڑ پر خوش آمدید کہا اور ان کے آئی جے ایف کی جانب سے امن مشن میں ان کی بھرپور مدد کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ ایک جذبے کے تحت پاکستان آئیں انہوں نے اسلام آباد سے کے شاہراہ قراقرم اور پھر کے ٹی کی پہاڑی کے سٹارٹنگ پوائنٹ تک سائیکل پر سفر کیا۔
پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں انہیں اپنے دورے کے دوران کہیں بھی کوئی تکلیف نہیں ہوئی‘عوام بہت محبت کرنے والے ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لاؤں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمی کے موسم میں سخت ٹریننگ چیلنج ہے تاہم کھلاڑی محنت کررہے ہیں اچھے نتائج دیں گے‘انہوں نے کہا کہ سبز لباس اس لئے پہن رکھا ہے کہ میں پاکستان میں یوم آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوں اور میں خوش قسمت ہوں کہ اگست کے مہینے میں پاکستان آئی ہوں‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر فیملی کو لڑکیوں کو بھی مکمل سپورٹ کرنا چاہئے تا کہ وہ مارشل آرٹس گیمز کی طرف آئیں اور اگر فیملی کی طرف سے سپورٹ ہو تو کھلاڑی آگے آ سکتی ہیں۔کے پی جوڈو ایسوسی ایشن کے صدر اور پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر مسعود احمد نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر سبرینا فلزمورز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کے جوڈو کیمپ کا دورہ کیا اور انہوں نے کھلاڑیوں کی کوچنگ کی امید ہے کہ وہ پاکستان آتی رہیں گی اور ہمیں سپورٹ کرتی رہیں گی ان کی آمد سے ہمارے آئی جے ایف کیساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔