ساہیوال سے اغوا ہونے والے نوجوان کو پشاور سے بازیاب کرالیا گیا۔پشاور پولیس نے خفیہ اطلاع پر اہم کارروائی کرتے ہوئے پنجاب سے اغوا ہونے والے نوجوان کو بحفاظت پشاور سے بازیاب کرالیا۔ایس ایس پی آپریشن ہارون رشید کے مطابق نوجوان کو دو روز قبل چیچہ وطنی ساہیوال سے اغوا کیا گیا تھا، نوجوان کے اغوا کا مقدمہ تھانہ سٹی چیچہ وطنی ضلع ساہیوال میں درج کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس کو مغوی ابو سفیان کی پشاور کے راستے نامعلوم مقام پرمنتقلی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد خفیہ اطلاع پر شہر کے داخلی وخارجی راستوں کی نگرانی سخت کر دی گئی تھی۔ایس ایس پی آپریشن ہارون رشید نے مزید کہا ملزمان شہر سے باہر منتقلی میں ناکامی پر مغوی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں مقامی پٹرول پمپ پر چھوڑ کر فرارہوگئے، نوجوان کو ابتدائی طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، طبی امداد کے بعد مغوی کو والدین کے حوالہ کر دیا گیا ہے جب کہ پولیس نے مقامی پٹرول پمپ کے مالک اور سٹاف کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے۔