سپریم کورٹ نے بدھ کے روز خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کے پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) کے حکم کو معطل کردیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پی ایچ سی کے حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔
پشاور ہائی کورٹ کے ایبٹ آباد بنچ نے یکم فروری کو اپنے حکم میں 27 مارچ کو ہونے والے انتخابات کو اس بنیاد پر ملتوی کر دیا تھا کہ مارچ کے آخری ہفتے میں صوبے کے پانچ اضلاع میں برفباری کا امکان تھا۔
بنچ نے یہ ہدایات درخواستوں کی سماعت کے دوران جاری کی تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ صوبے کے مختلف اضلاع مارچ میں شدید برفباری سے بند کر دیے جائیں گے، جس کے بعد ووٹرز کو شدید سردی میں اور برف سے ڈھکی سڑکوں سے پولنگ سٹیشنوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
الیکشن کمیشن نے بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
آج کی سماعت میں، الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت عظمیٰ کے سامنے استدلال کیا کہ پشاور ہائی کورٹ بینچ نے کمیشن کے دلائل سنے بغیر انتخابات ملتوی کر دیے تھے۔
عدالت نے پشاور ہائی کورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔