وزیرِ اعظم عمران خان سے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیرِ اعلی محمود خان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبے میں سیاسی صورتحال، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں صوبے میں جاری عوامی فلاح و ترقیاتی منصوبوں بالخصوص ایگریکلچر ٹرانفارمیشن پلان پر عملدرآمد، جنگلات کے تحفظ کے منصوبے اور صحت کارڈ کی عوامی پزیرائی پر گفتگو. اسکے علاوہ وزیرِ اعظم کو مہنگائی کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے ترقیاتی منصوبوں کو معینہ مدت اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج ہری پور میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی سپیشل ٹیکنالوجی زون کا افتتاح کریں گے ۔
پاکستان ڈیجیٹل سٹی پر 1 ارب 31 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ 86 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا ۔ پاکستان ڈیجیٹل سٹی ہری پور حکومت خیبر پختونخوا کا آئی ٹی کے شعبے میں فلیگ شپ منصوبہ ہے جس میں آئی ٹی انڈسٹری کو ایک ہی جگہ تمام سہولیات میسر آئیں گی ۔
پاکستان ڈیجیٹل سٹی میں آئی ٹی انڈسٹری بہتر انداز میں کلسٹر کی شکل میں کام کرسکے گی ۔پاکستان ڈیجیٹل سٹی سے الیکٹرانکس انڈسٹری، سافٹ ویئر ہاوسز، موبائل فون انڈسٹری، ٹیکنالوجی انکیوبیٹرز، کمپیوٹرز انڈسٹری سمیت دیگر شعبوں کو فائدہ ہوگا ۔