پشاور کے قصہ خوانی بازار میں کوچہ رسالدار کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 30 نمازی شہید جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا، خودکش حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 30 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران ہوا۔
معاونِ خصوصی بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اطلاع ہے کہ دہشت گردوں نے پہلے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کا پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، ایک دہشت گرد مسجد میں داخل ہوا جس نے کارروائی کی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔