امن و امان کی ذمہ داری کس کی؟
عقیل یوسفزئی
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنی ایک ٹویٹ میں وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کی نااہلی کے باعث صوبہ خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی کی صورتحال خراب ہوگئی ہے اور یہ کہ صوبے کو فنڈز فراہم نہیں کئے جارہے. انہوں نے کہا ہے کہ جب سے ان کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا ہے حملوں کی تعداد میں 52 فی صد اضافہ ہوگیا ہے.
اس میں کوئی شک نہیں کہ پختون خوا میں حملوں کی تعداد بوجوہ بڑھ گئی ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے چاہیں تاہم ان کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ امن و امان کی بحالی پراونشل سبجیکٹ ہے وفاقی نہیں. اس سے قبل جب سوات میں بدترین حملے شروع ہونے لگے تو ان کی صوبائی حکومت نہ صرف اس سے لاتعلق رہی بلکہ متعدد اہم لیڈروں نے سر عام الزامات لگائے کہ یہ سب کچھ بعض اہم اداروں کی پلاننگ کا حصہ ہے. ان کے بعض لیڈروں نے فوج پر سنگین الزامات عائد کرنے سے بھی گریز نہیں کیا. اور ایسے الزامات ان کے سربراہ عمران خان نے بھی لگائے.
اگر فوجی قیادت نے عوام کے مطالبے پر فوری ایکشن نہیں لیا ہوتا اور کور کمانڈر سمیت دیگر اعلیٰ حکام ذاتی طور پر دلچسپی نہیں لیتے تو سوات سمیت متعدد دوسرے علاقوں میں بھی مسلسل حملے شروع ہوجاتے اور ان کی حکومت بلیم گیم کھیل رہی ہوتی.
اس وقت بھی زیادہ تر معاملات فوجی حکام کی ہدایات، تعاون اور مسلسل مانیٹرنگ ہی کی بدولت ڈیل کیے جارہے ہیں.
پیراملٹری فورسز نے متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائک آپریشنز اب بھی جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی کو دوبارہ قدم جمانے کا موقع نہ ملے.
ایک معتبر تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق جب سے افغانستان میں طالبان کی حکومت قائم ہوئی ہے تب سے اب تک کے ایک سال کے عرصے میں پاکستان کو 250 بار مختلف حملوں کا نشانہ بنایا گیا. ان میں 160 حملے خیبر پختون خوا پر کرائے گئے. اس کا مطلب یہ ہے کہ صوبے کو سنگین خطرات لاحق ہیں تاہم دوسری طرف تلخ حقیقت یہ ہے کہ رواں سال تحریک انصاف کے وزیر اعلیٰ ایک بار بھی امن و امان کا جائزہ لینے کسی قبائلی ضلع میں نہیں گئے. اس سے ان کی دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے.
جہاں تک صوبے کو وفاق کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کا تعلق ہے اگر یہ الزام درست ہے تو اس کا نوٹس لینا چاہیئے کیونکہ خیبر پختون خوا دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبہ ہے اور اگر یہاں حالات خراب ہوتے ہیں تو اس سے پورا ملک متاثر ہوگا تاہم فنڈز کی فراہمی سے ذیادہ اہم بات صوبائی حکومت کی دلچسپی اور سنجیدگی ہے جو کہ بوجوہ ہمیں اُس طرح نظر نہیں آتی جیسی کہ دکھائی دینی چاہیے.