نئے فوجی سربراہان کا اضافی تجربہ ، دہشت گردی اورفوج مخالف بیانیہ
عقیل یوسفزئی
جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد کی تعیناتیوں کے بعد جہاں بعض لیڈروں اور حلقوں کی خواہشات، کوششوں اور دعووں کو سخت دھچکہ لگا ہے اور اتحادی حکومت مضبوط ہوگئی ہے وہاں سیکورٹی کے بعض اہم معاملات اور فوج کے بارے میں ایک مخصوص پروپیگنڈا کے تناظر میں بھی بہت سی اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں.
دونوں اہم عہدیداروں کی ایک اضافی خصوصیت ان کا وہ تجربہ بھی ہے جو کہ وار آن ٹیرر سے متعلق ہے اور دونوں نے ماضی میں اس سے وابستہ بہت سے اہم امور کو نہ صرف بہت قریب سے دیکھا ہے بلکہ متعدد معاملات کو ڈیل اور لیڈ بھی کیا ہے. جنرل عاصم منیر صاحب دوسرے اہم عہدوں کے علاوہ ماضی میں ایم آئی اور آئی ایس آئی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں اس لحاظ سے وہ افغانستان، دہشت گردی اور قبائلی علاقوں کے معاملات کو بہت قریب سے جانتے ہیں اور اب جو صورتحال درپیش ہے ان سے نمٹنے میں ان کی دلچسپی غیر معمولی ہوگی.
وہ فوج کے بارے میں ہونے والے منفی پروپیگنڈا اور کی بورڈ واریررز کی سرگرمیوں پر بھی خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ اس معاملے کا براہ راست تعلق ملکی سیاست سے نہیں بلکہ قومی سلامتی، پاکستان کے قومی بیانیہ اور سرحدی صورتحال سے ہے. جن دو اہم عہدوں پر وہ ماضی میں فائز رہ چکے ہیں اس تجربے کی بنیاد پر ان کا رویہ شاید کافی مختلف اور سخت واقع ہو.
ان کی طرح جنرل ساحر شمشاد صاحب کا کیرئیر بھی ماضی میں ان معاملات کے تناظر میں بہت اہم رہا ہے. وہ ملٹری آپریشنز کے انچارج کے علاوہ دوحہ پیس پراسیس اور مذاکراتی عمل کا نہ صرف حصہ رہے ہیں بلکہ بہت سے اہم امور وہ لیڈ بھی کرتے رہے ہیں. اس تناظر میں کہا جاتا ہے کہ بعض درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہونے والے اقدامات میں اب مزید تیزی واقع ہوگی اور پختون خوا، بلوچستان کے حوالے سے مذید متعدد اہم پالیسیوں کا اطلاق ہوگا.
دیکھا جائے تو اس وقت جو کمبینیشن بنا ہوا ہے وہ نہ صرف اتفاقاً وقت کے تقاضوں کے عین مطابق ہے بلکہ جاری صورتحال کے تناظر میں بہت اہمیت کا حامل بھی ہے. امید کی جارہی ہے کہ آیندہ چند مہینوں میں قومی سلامتی اور بیانیہ سے متعلق بہت سی مزید مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی اور ان تبدیلیوں میں خیبر پختون خوا کے بعض اہم سیکیورٹی معاملات سرفہرست ہوں گے.