ٹرانس پشاور کی جانب سے پانچ نئے روٹس فعال کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔.
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق نئے روٹس میں شاہ عالم تا ملک سعد چارسدہ روڈ ایکسپریس روٹ، چمکنی تا ملک سعد براستہ رنگ روڈ ، پبی تا ملک سعد براستہ چمکنی، مال آف حیات آباد تا فیز 6 براستہ فیز 1، اور ریگی ماڈل ٹاؤن تا امن چوک شامل ہیں ۔
شاہ عالم تا مال آف حیات آباد ایکسپریس روٹ فعال کیا جائے گا جس سے موجودہ رش میں بھی بہت حد تک کمی ہو گی۔
62 نئی بسوں کو بھی جلد فعال کیا جا رہا ہے جبکہ فیز 6 ٹرمینل سے مال آف حیات آباد تک کے روٹ میں 16 سٹاپس شامل کئے گئے ہیں۔
چمکنی تا ملک سعد شہید براستہ رنگ روڈ روٹ 19 سٹاپس پر مشتمل ہو گا۔ پبی روٹ سے ملک سعد شہید کا روٹ 23 کلو میٹر پر مشتمل ہے جس میں 16 سٹاپ شامل ہوں گے۔
نئے روٹس میں ریگی ماڈل ٹاؤن سے تہکال پایاں کا روٹ 12کلو میٹر کا ہے جس میں 15 سٹاپس شامل ہیں۔نئے روٹس کے اجرا سے مزید شہریوں کو بی آر ٹی سروس سے بہتر طور پر مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔