پشاور ائیرپورٹ : بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام

پشاور : پاکستان کسٹمز (ایف بی آر) نے پشاور ائیرپورٹ پر 38500 ڈالر مالیت کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

ملک بھر میں غیرملکی کرنسی کی بیرون ملک اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے جاری مہم کے دوران پاکستان کسٹمز نے اتوار کے روز پشاور ایئرپورٹ پر 38500 ڈالر مالیت کے قطری ریال ضبط کرلیے۔

عمران خان نامی مسافر جس کا تعلق دیر بالا سے ہے، اتوار کی سہ پہر قطری ائیر لائنز کی پرواز کے ذریعے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے قطر روانہ ہورہا تھا۔ بیرون ملک روانگی ہال میں موجود کرنسی ڈیکلئریشن سنٹر پر جب اسے اپنے پاس موجود کرنسی ظاہر کرنے کو کہا گیا تو اس نے یہ رقم چھپا لی۔ جب مسافر کو مشکوک جان کر اس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو ایک لاکھ چھیالیس ہزار قطری ریال کی بھاری رقم برآمد ہوئی جسے وہ غیر قانونی طریقے سے پاکستان سے باہر منتقل کررہا تھا۔

مسافر سے کہا گیا کہ وہ اس رقم کی قانونی ملکیت ثابت کرے لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا جس کے سبب یہ رقم ضبط کرلی گئی اور ملزم کو پاکستان کسٹمز کے حکام نے پشاور ائیرپورٹ سے اپنی حراست میں لے کر مزید قانونی کاروائی شروع کردی۔

چیئرمین ایف بی آر و سیکرٹری ریونیو ڈویژن جناب عاصم احمد نے پشاور ائیرپورٹ پر تعینات کسٹمز حکام کو اس کامیاب کاروائی پر مبارکباد دی اور اپنے اس غیرمتزلزل عزم کو دہرایا کہ وہ ملک بھر سے غیرملکی کرنسی کی غیر قانونی منتقلی کو ناکام بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیئرمین ایف بی آر فیلڈ میں موجود کسٹمز حکام کو پہلے ہی یہ ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ وہ ائیرپورٹ اور زمینی سرحدوں پر نگرانی سخت رکھیں اور کرنسی اسمگلنگ کی غیر قانونی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مستعد رہیں۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket