پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں چھ وکٹوں سے ہرا کر 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
256 رنز کا ہدف پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ محمد رضوان 77 اور آغا سلمان 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پیر کو کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنا سکی۔
بلیک کیپس کی جانب سے مائیکل بریسول 43 اور ٹام لیتھم 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ اسامہ میر نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔
256 رنز کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں کی شراکت داری زیادہ دیر تک نہ چلی اور امام صرف 11 رنز بنا کر مائیکل بریسول کی گیند پر ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد بابر اعظم میدان میں آئے اور فخز زمان کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 78 رنز کی شراکت داری بنی۔ فخر زمان نے بیٹرز کے لیے مشکل وکٹ پر سات چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ وہ مائیکل بریسول کی گیند پر سویپ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوئے۔
FIFTY!@FakharZamanLive brings up his 15th ODI half-century off 60 deliveries.#PAKvNZ | #TayyariKiwiHai pic.twitter.com/nBloVbZUG9
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 9, 2023
پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم تھے۔ انہوں نے مشکل وکٹ پر کئی خوبصورت سٹروکس کھیلے اور 82 گیندوں پر 66 رنز بنا کر گلن فلیپس کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فِن ایلن اور ڈیون کونے نے اننگز کا آغاز کیا لیکن نسیم شاہ نے میچ کے پہلے اوور کی آخری گیند پر خطرناک بیٹر کونوے کو صفر پر بولڈ کر دیا۔
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا ہی تھا کہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے لیگ سپنر اسامہ میر نے ولیمسن کو ایک لاجواب گیند پر بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 26 رنز بنائے۔
ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے دباؤ کم کرنے کی کوشش کی اور سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت داری بنائی لیکن مچل، محمد نواز کی سپن بولنگ کے جال میں پھنس گئے اور 36 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
بلیک کیپس کے پانچویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی ٹام لیتھم تھے۔ وہ بدقسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 42 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نسیم شاہ کی عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رہا اور اپنے اگلے ہی اوور میں انہوں نے پہلے مائیکل بریسول اور پھر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ہنری شپلے کو بولڈ کر دیا۔
نیوزی لینڈ کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مچل سینٹر تھے، وہ بھی نسیم شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔