Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, April 29, 2024

کامن ویلتھ گیمز:پاکستان کے ارشد ندیم نےتاریخ رقم کردی

برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کےایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ ارشد ندیم نے سب سے لمبی نوے اعشاریہ ایک آٹھ میٹر کی تھرو کی۔

کامن ویلتھ گیمز میں جیولن تھرو کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی کوشش میں چھیاسی اعشاریہ آٹھ ایک میٹر تھرو کی۔ ندیم کی شاندار کامیابی پر ملک کے سرکردہ رہنماؤں بشمول صدر مملکت اور پاک فوج کے سربراہ نے قوم کو مبارکباد کے پیغامات دیئے اور ندیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

صدرمملکت عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدرعارف علوی کا ارشد ندیم کو جیولین تھرو میں ریکارڈ قائم کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارک، آپ قوم کا فخر ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں اپنی محنت اور بہترین کارگردگی سے تاریخ رقم کردی ہے، گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک، ارشد ندیم قوم کا فخراور ہمارا قومی ہیرو ہے۔

ادھر ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل بابرافتخار کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا، شاباش، ارشد ندیم ! آپ نے پاکستان کا سرفخرسے بلند کیا ہے، پاکستان زندہ باد!

 

 کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے تاریخی تھرو پھینک کر سونے کا تمغہ جیتا تھا ،ارشد ندیم نے فائنل میں 90اعشاریہ 18میٹر کی ریکارڈ تھرو کی تھی۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket