گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ طبی شعبہ میں تحقیق سے متعلق عالمی کانفرنس کے انعقاد پر آر ایم آئی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔صحتمند معاشرے اور بیماریوں کو جڑ سے اکھارنے کیلئے شعبہ صحت میں تحقیق انتہائی ضروری ہے۔دنیا میں عالمی طبی چیلینجز سے نمٹنے کیلئے شعبہ صحت میں جدید تحقیق کو فروغ دینا ہو گا۔رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ نے بلاشبہ اس خطے میں شعبہ طب میں بہتری کیلئے تحقیق پر قابل عمل کام کیا ہے۔گو رنر خیبر پختو نخوا کا کہنا تھا کہ آر ایم آئی خیبرپختونخوا کا نامور طبی ادارہ ہے جس کی مقبولیت پورے ملک میں ہے۔نوجوان میڈیکل اسٹوڈنٹس کو بھی نصیحت کرتا ہوں کہ وہ طبی شعبہ میں تحقیق میں اپنا نام پیدا کریں۔مجھے امید ہے کہ یہ کانفرنس طبی شعبہ میں بہتری کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو گی۔کانفرنس میں شریک عراق، ایران، صومالیہ، قطر سمیت دیگر ممالک کے ریسرچرز کو خیبرپختونخوا آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔
کے پی اوپن شوٹنگ گالا پشاور گیریژن میں اختتام پذیر
خیبر پختونخوا اوپن شوٹنگ گالا کا انعقاد پشاور چھاؤنی میں 24 اور 25 اپریل کو ہوا جس میں صوبے بھر سے 220 سے زائد شوٹرز نے حصہ لیا۔مقابلوں میں ہر عمر کے خواتین و حضرات اور بچوں نے پرجوش شرکت کی۔شوٹرز نے مختلف ہتھیاروں کے مقابلوں میں حصہ لیا جن میں 9 ایم ایم پسٹل، پوائنٹ G3 ،AK-47 .22 رائفل اور ایئر گن شامل تھے۔شوٹنگ گالا کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے۔جنہوں نے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے شوٹرز میں ایوارڈز تقسیم کیے ۔شرکاء نے کے پی اوپن شوٹنگ گالا کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
پشاورمیں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے انتظامات مکمل
تحصیل کونسل دروش چترال، تنگی چارسدہ، درابن ،ڈی آئ خان، کاٹلنگ مردان، داسو کوہستان اور بلامبٹ لوئر دیر میں چیرمین کی خالی نشستوں پر28 اپریل کو ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے انتظامات مکمل ۔انتخابی مہم آج آدھی رات ختم ہوگی۔ پولنگ بروز اتوارصبح 8:00 بجے شروع ہو کر شام 5:00 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہےگی۔کل ہفتہ کے دن پولنگ عملہ کو انتخابی سامان بشمول بیلٹ پیپرز حوالہ کر کے انہیں اپنے پولنگ سٹیشنوں کو روانہ کیا جائے گا۔ ان تمام تحصیل کونسل کے ضمنی انتخابات میں 33 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔مجموعی طور پر 783،772 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ کل 568 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ جن کے اندر 1720 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 233پولنگ سٹیشن ذیادہ حساس قرار دیے گئے ہیں۔ جس کے لئے سیکورٹی کے خاطر خواہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ کے عمل کی نگرانی اور شکایات کے ازالے کے لئے صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے دفتر میں مانیڑنگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ جس سے ٹیلی فون نمبر – 0919213214 اور 0919213215 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا صوبہ کے بڑے ہسپتالوں میں کینٹیز کیخلاف 2روزہ خصوصی مہم کا آغاز
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا صوبہ بھر میں کے بڑے ہسپتالوں میں کینٹیز کیخلاف دو روزہ خصوصی مہم کا آغازکیا گیا۔خصوصی مہم کے پہلے روز پشاور، مردان ، ملاکنڈ ، ہزارہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژنز میں39 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت دیگر سرکاری اور نجی ہسپتال کے کینٹینز کے معائنے کیے گئے۔سب سے زیادہ پشاور ڈویژن میں 9 ،ملاکنڈ میں 10 اور ہزارہ ڈویژن 8 ہسپتالوں کے کینٹینز کی چیکنگ کی گئیں۔ کینٹیز اور تھڑوں پر چھولے ،قیمہ، پائے اور کباب فروشوں کیخلاف کارروائیاں شہریوں کی شکایات پر کی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور صفت غیور شہید میموریل ہسپتال، ورسک روڈ اور رنگ روڈ پر سرکاری ونجی ہسپتالوں کے کینٹینز پر اچانک چھاپے مارے گئے۔صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال پر ایل آر ایچ میں ایک کینٹین سیل بنا یا جا ئے گا ۔حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائداور بہتری کے نوٹسز بھی جاریکر دئیے گئے ۔ خفظان صحت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعیدفوڈ سیفٹی ٹیمیں سکولوں اور ہسپتالوں کے کینٹینز کی چیکنگ باقاعدگی سے کریں۔
تنظيم اساتذہ لنڈی کوتل کے زیراہتمام سکول بیگز کی تقسيم
تنظیم اساتذہ پاکستان لنڈیکوتل تحصیل کی جانب سے دور افتادہ علاقہ بازار ذخہ خیل میں 199 یتیم اور نادار طلبہ وطالبات میں اعلی معیار کے سکول بستے تقسيم کئے گئے ۔تنظيم اساتذہ لنڈی کوتل کے زیراہتمام سکول بیگز کی تقسيم کے حوالے سے گورنمنٹ مڈل سکول زرجان کلی برگ میں ایک مختصراور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ASDEo لنڈیکوتل حضرت حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر سکول کے ہیڈماسٹر سلیمان شاہ ، تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع خیبر کے جنرل سیکرٹری مجاہد شاہ ، تنظیم اساتذہ پاکستان لنڈیکوتل کے نا ئب صدر مبارک شاہ اور تنظیم اساتذہ پاکستان لنڈیکوتل کے صدر ملک نادرشاہ آفریدی بھی موجود تھے۔
تنظیم اساتذہ پاکستان لنڈیکوتل کے صدر ملک نادرشاہ آفریدی نے کہا کہ تنظیم اساتذہ یتیموں و نادار طلباء و طالبات کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے تاکہ ان کی تعلیمی سفر متاثر نہ ہو ملک نادرشاہ افریدی نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ تنظیم اساتذہ پاکستان مخیر حضرات کی طرف سے دئے گئے عطیات کی وجہ سے ہی بچوں کی مدد کرتی ہیں۔ لہذا اپنی عطیات اور صدقات تنظیم اساتذہ پاکستان لنڈیکوتل کے ساتھ جمع کرے تاکہ کوئی بھی یتیم بچہ یا بچی تعلیم سے محروم نہ رہے۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ بازار ذخہ خیل میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے اساتذہ کے لیے خصوصی الاؤنس کا اعلان کریں اور ان اساتذہ کے دیگر مسائل بھی حل کریں سکولوں کے سربراہوں کو تنظيم اساتذہ کے کلینڈر اور افکار معلم رسالے بھی دئیے گئے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز آج سے شروع
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز آج سے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونیوالی ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز کے کلین سوئپ کے بعد اب پاکستان ٹیم ٹی 20سیریز میں بہتر نتائج کیلئے پر امید ہے ۔ جمعہ کو ہونیوالے پہلے ٹی ٹوئنٹی سے قبل دونوں ٹیموں نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی۔ جس میں اپنے کھیل میں نکھار پیدا کرنے کیلئے مختلف ڈرلز کیں۔پاکستان کی کپتان ندا ڈار کا کہناہے کہ ون ڈے سیریز میں پاکستان اچھا نہیں کھیل سکا لیکن ٹی 20میں پاکستان کا ریکارڈ بہتر ہے اور ٹیم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز نے کہا کہ ون ڈے سیریز کی جیت کے مومینٹم کو ٹی 20سیریز میں برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ٹی20سیریز کے آغاز سے قبل دونوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی بھی کی ۔ 5 میچز کی سیریز 26 اپریل سے 3 مئی تک جاری رہے گی۔پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سپر سیریز کے میچز براہ راست نشر کرے گا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کے خلاف ون ڈے سیریز 0-3 سے اپنے نام کی تھی ۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کی ٹرافی اسلام آباد پہنچ گئی
رواں سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی اسلام آباد پہنچ گئی۔دورہ پاکستان پر آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ٹرافی کی رونمائی اسلام آباد کے مختلف مقامات پر کردی گئی۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹرافی کو ڈبل ڈیکر بس کےذریعے ڈی چوک، فیصل مسجد اور پاکستان مونومینٹ پہنچایا گیا۔اس موقع پر پی سی بی، آئی سی سی کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ پاکستان مونو مینٹ پر ٹرافی کا فوٹوشوٹ بھی ہوا، ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کو دیکھ کرشائقین کرکٹ کی خوشی اور جذبات قابل دید تھے، شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی ٹرافی کی تصاویر لیں۔واضح ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی اسلام آباد کے بعد ایبٹ آباد اور لاہور لےجائی جائے گی جہاں پاکستان، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پانچویں ٹی ٹوئنٹی کے موقع پر ٹرافی کی رونمائی قدافی اسٹیڈیم میں ہوگی۔ٹرافی پاکستان میں دورہ مکمل کرنے کے بعد بھارت جائے گی ۔
چوتھا ٹی20: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔مہمان نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کے ٹم رابنسن 51 اور ڈین فوکس کرافٹ 34 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ٹام بلینڈل نے 28 اور مائیکل بریسویل نے 27 رنز بنائے، جوش کلارکسن صفر پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسامہ میر اور افتخار احمد نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹ پر 174 رنز بناسکی۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان 61 رنز بناکر نمایاں رہے، افتخار احمد 23 ، صائم ایوب 20 اور عثمان خان نے 16 رنز بنائے۔ عماد وسیم 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کےکپتان بابر اعظم نے کہا کہ ڈیو فیکٹر کی وجہ سے بولنگ کا فیصلہ کیا، ہماری ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد رضوان اور عرفان خان ان فٹ ہیں۔محمد عامر ، عماد وسیم ، فخر زمان اور زمان خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔بابر اعظم نے بتایا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو ریسٹ دیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔واضح رہے پاک نیوزی لینڈ ٹی20 سیریز میں مہمان ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان سیریز کے میچز جیو سپر سے براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔
ضلع کرم میں “علم د ٹولو لپارہ”پروگرام کے تحت داخلہ مہم شروع
ضلع کرم کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم زور و شور سے جاری ہے جبکہ بدامنی کے باعث چودہ سال سے بند پرائمری سکول کو دوبارہ کھول دیا گیا۔وسطی کرم کےعلاقہ منڈان ،درانی،لنگرو،لیل گاڈہ اور دیگر علاقوں میں قائم سرکاری سکولوں میں “علم د ٹولو لپارہ”پروگرام کے تحت خصوصی داخلہ مہم چلائی گئی ۔اس موقع پر مختلف مقامات پر اپنے خطاب میں 152ونگ کے کمانڈر میجر راشد اور ماہرین تعلیم رضوان بنگش ،قاری گل رحمان اور اسلام الدین نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بھی حکومت اور محکمہ تعلیم نے سرکاری سکولوں میں تمام تر سہولیات فراہم کئے ہیں اور تجربہ کار اسٹاف سرکاری سکولوں میں موجود ہے لہذا والدین اپنے بچوں کا مستقبل کامیاب بنانے کے لئے آپنے بچوں کو ان اداروں میں داخلہ دلوائیں اور آپنے بچوں کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچائیں۔ دوسرے جانب مہم کے دوران علاقہ درانی میں بدامنی کی سبب چودہ سال سے بند پرائمری سکول درانی کو دوبارہ کھول دیا گیا جس پر علاقے کے عمائیدین اور علماء نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
پشاور ڈویژن میں 29 اپریل سے انسداد پولیو مہم کا آغاز
پشاور ڈویژن میں 29 اپریل سے انسداد پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے۔اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود بروز جمعرات بوقت4 بجے ایمرجنسی ریسپانس یونٹ مولوی جی ہسپتال ہشتنگری میں مہم کا افتتاح کریں گے۔