وزیر اعظم محمد شہباز شریف ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے میں المناک ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی شہادت پر تعزیت کے لئے آج تہران پہنچیں گے۔وزیر اعظم ایران کے سپریم لیڈر، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ امام خامنہ ای اور ایران کے قائم مقام صدر عزت مآب ڈاکٹر محمد مخبر سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔



نوجوان پروگرام کا چوتھا تربیتی کورس اختتام پزیر ہوا جس میں 75 طلباء کو آٹو مکینک، الیکٹریشن، ویلڈنگ اور کمپیوٹر کورسز کی تربیت دی گئی۔ اسی سلسلے کی کانووکیشن تقریب میں مقامی کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل مظفر احمد چیمہ (مہمان خصوصی) سمیت اساتزہ ،معززین علاقہ اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کمانڈنگ آفیسر نے تمام طلباء کو سرٹیفکیٹس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلباء میں لیپ ٹاپ، ٹول کٹس، ویلڈنگ مشین، الیکٹرک کٹس اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔ ملک و مشران نے پاک فوج کی اس کاوش کو خوب سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کا اس تربیتی کورس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ایک روشن صبح کی نوید ہے۔




