National Workshop Balochistan delegation visits Peshawar

نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد کا پشاور دورہ

 نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 92 رکنی وفد نے پشاور کا دورہ کیا، جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات شامل تھے۔ دورے کے دوران وفد کو خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور بارڈر مینجمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفد نے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری سے ملاقات کی، جہاں قومی و علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفد کو سکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وفد نے گورنر ہاؤس پشاور اور قلعہ بالا حصار میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں تاریخی اور سکیورٹی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران وفد کے ارکان نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وفد کے اراکین نے دورے کو معلوماتی قرار دیتے ہوئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی خدمات کو سراہا۔ وفد کی رکن تانیہ بازئی نے کہا کہ کور کمانڈر کی بریفنگ سے انہیں معلوم ہوا کہ پاک فوج کس طرح خیبرپختونخوا میں سکیورٹی خطرات کا مؤثر مقابلہ کر رہی ہے۔
فیض پراچہ نے کہا کہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور نہ صرف دفاع کو مضبوط بنا رہے ہیں بلکہ تعلیم، صحت اور کھیلوں کے شعبوں میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ شمائلہ شاکر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال زمینی حقائق کے مطابق سوشل میڈیا پر موجود تاثر سے مختلف ہے۔
وفد کے ایک اور رکن وقاص والانہ نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملکی سرزمین کے ایک انچ کا بھی دفاع یقینی بنایا۔

Editorial on 14 April

اسلام آباد ٹاکس کا تسلسل جاری

عقیل یوسفزئی
رائٹر نیوز ایجنسی ، سی این این اور نیویارک ٹائمز سمیت عرب میڈیا کے معتبر اداروں نے اسلام آباد ٹاکس کو امریکہ اور ایران کے درمیان نئے تعلقات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اگلے چند دنوں میں نہ صرف یہ کہ اسی تسلسل میں امریکہ اور ایران کے درمیان ایک اور مذاکراتی سیشن کا انعقاد متوقع ہے بلکہ فریقین پاکستان اور دو دیگر ممالک کے ذریعے اسلام آباد مذاکرات کے بعد مسلسل رابطے میں ہیں ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا اگلا سیشن ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والا ہے ۔
اسی تسلسل میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے آیندہ چند گھنٹوں یا دنوں کے دوران محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کا اہم دورہ بھی متوقع ہے ۔ عرب میڈیا کے مطابق اس دورے میں مڈل ایسٹ کے بارے میں نئی پالیسی کی اہم پلاننگ کی جائے گی اور اس پلاننگ میں پاکستان کے کلیدی کردار کا تعین کیا جائے گا جس میں مزید چند پرو سعودی ممالک کے ساتھ پاکستان کے دفاعی معاہدوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔
دوسری اہم خبر یہ ہے کہ افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے باضابطہ طور پر ترکی سے درخواست کی ہے کہ وہ افغانستان اور چین کی خواہش اور مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ افغانستان کے معاملات درست کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ ترکش میڈیا کے مطابق ترکی نے مڈل ایسٹ ایشوز کے تناظر میں تاحال اس رابطہ کاری یا درخواست پر کوئی خاص ردعمل نہیں دیا ہے تاہم دوسری جانب ہرات میں شیعہ کمیونٹی کے افراد کے قتل کے بعد افغانستان کی عبوری حکومت کو شدید اندرونی اور بیرونی دباؤ اور تنقید کا سامنا ہے اور اس قسم کا تاثر دیا جا رہا ہے کہ افغانستان کے طالبان ملک میں مسلکی اور لسانی نفرت کو ہوا دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔ بغلان میں تقریباً نصف درجن طالبان سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ شمالی افغانستان کے متعدد دیگر صوبوں میں بھی طالبان مخالف حملے ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا سمیت بلوچستان کے مختلف کراسنگ پوائنٹس کے ذریعے افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل جاری ہے اور اس ضمن میں پشاور میں متعین افغان قونصل جنرل نے گزشتہ روز کمشنر پشاور سے ہونے والی ایک ملاقات کے دوران درخواست کی ہے کہ افغانستان میں سیلاب اور زلزلے سے پیدا ہونے والی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے مہاجرین کی واپسی کے سلسلے میں رعایت کی جائے تاہم دوسری جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے اور یہ کہ صوبائی انتظامیہ اس ضمن میں کوئی خاص کردار ادا نہیں کرسکتی ۔
متعلقہ اداروں کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز 5000 مزید افغان مہاجرین کو پاکستان سے افغانستان واپس بھیجا گیا ہے اور یہ سلسلہ کسی وقفے کے بغیر جاری ہے ۔

Pakistan's first virtual school established in Khyber Pakhtunkhwa

خیبرپختونخوا میں پاکستان کا پہلا ورچوئل اسکول قائم

خیبرپختونخوا حکومت نے تعلیمی شعبے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری سطح پر پاکستان کا پہلا ورچوئل اسکول قائم کر دیا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ٹیچر کے ذریعے طلبہ کو تعلیم دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اے آئی ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ منصوبے کے تحت پائلٹ بنیادوں پر صوبے کے 46 سرکاری اسکولوں کو آن لائن نظام تعلیم پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں بندوبستی اضلاع کے 33 اور ضم اضلاع کے 13 اسکولوں کو ورچوئل نظام سے منسلک کیا گیا ہے، جبکہ اس منصوبے کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے جون میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت اسکیم متعارف کرائی جائے گی، جس کے ذریعے مزید 175 اسکولوں کو ورچوئل اسکولوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت ایک مرکزی ڈیجیٹل ٹیچنگ اسٹوڈیو بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں سے اے آئی ٹیچر کے ذریعے انگلش، ریاضی، فزکس، کیمسٹری اور بائیولوجی جیسے اہم مضامین پڑھائے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اے آئی ٹیچر اردو، انگریزی اور پشتو زبانوں میں 24 گھنٹے دستیاب ہوگا۔

منصوبے کی مجموعی لاگت 15 کروڑ 38 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ٹیلی ایجوکیشن ہب کے قیام پر 4 کروڑ 48 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کو منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ اس اقدام سے دور دراز علاقوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

Rain and snowfall expected in upper KP; flash flood advisory issued.

ملک گیر بارشوں اور طوفانی ہواؤں کا نیا الرٹ

16 سے 19 اپریل کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش (چند مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری) کی پیشگوئی. 16 (شام) سے 19 اپریل کے دوران چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو، خیبر اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش (چند مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری) کا امکان ہے۔17 اور 18 اپریل کو بعض مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری کا امکان۔
گلگت بلتستان
16 سے 19 اپریل کے دوران دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، نگر میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر درمیانی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
کشمیر
17 سے 19 اپریل کے دوران وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش (چند مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری) کا امکان ہے۔ 18 اور 19 اپریل کو بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع۔